مذہبی منافرت پھیلانے کی کوشش ،لنکاشائر کی مجوزہ مسجد کے سامنے خنزیر کا سر رکھ دیا گیا

 

مذہبی منافرت پھیلانے کی کوشش ،لنکاشائر کی مجوزہ مسجد کے سامنے خنزیر کا سر رکھ دیا گیا
مذہبی منافرت پھیلانے کی کوشش ،لنکاشائر کی مجوزہ مسجد کے سامنے خنزیر کا سر رکھ دیا گیا


لندن  لنکاشائر کے علاقے بارنلڈسوک کی موصلے اسٹریٹ پر گزشتہ روز شرپسندوں نے مذہبی منافرت پھیلانے کیلئے مجوزہ مسجد کے سامنے خنزیر کا سر رکھ دیا۔ پولیس نے اس واقعہ کو ایک بڑا جرم قرار دیتے ہوئے تجربہ کار افسران کی ایک ٹیم کے ذریعہ واقعہ کی تفتیش کیلئے گھر گھر پوچھ گچھ شروع کر دی ہے اور سی سی ٹی وی سے مدد لینے کے علاوہ مقامی قصائیوں اور کمیلہ کرنے والوں سے بھی معلومات اکھٹا کرنا شروع کر دی ہیں۔ علاقے میں پولیس کا گشت بھی بڑھا دیا گیا ہے۔ پینڈلے اور ربلے ویلی اور قرب و جوار کی پولیس ٹیم کے انسپکٹر کلیئر پیرسن نے کہا ہے کہ میں یہ واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ نفرت کو کسی طور برداشت نہیں کیا جائے گا اور ہم اس واقعہ کو بہت سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں۔ ہم نے اس واقعہ کی تفتیش کیلئے ایک انتہائی تجربہ کار ٹیم متعین کر دی ہے اور وہ ذمہ داروں کی نشاندہی کیلئے 24 گھنٹے کام کر رہے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ اس واقعہ پر علاقے کے تمام لوگ یکساں طور پر دل شکستہ ہیں ۔ میں ان لوگوں سے براہ راست اپیل کرتا ہوں کہ اگر انہیں اس واقعہ کی فوٹیج کے حوالے سے کوئی معلومات ہوں تو وہ براہ راست پولیس سے رابطہ کریں اور ہماری تفتیش میں معاونت کریں۔ بارنلڈسوک اسلامی سینٹر کے ابرار احمد نے کہا ہے کہ یہ واقعہ علاقے کے لوگوں کی سوچ کی عکاسی نہیں کرتا۔ جہاں مسلمان 1960سے کمیونٹی کے جزوکے طور پر ایک ساتھ شیر و شکر ہیں۔ بارنلڈسوک اسلامی سینٹر امن وہم آہنگی کے فروغ کیلئےشہر میں کسی کے ساتھ بھی مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔ بارنلڈسوک کو ہم جانتے ہیں اور اسے دوستی اور احترام کا گہوارہ تصور کرتے ہیں اور ہم یقین دلاتے ہیں کہ یہ علاقہ ایسے ہی امن و ہم آہنگی کا گہوارہ بنا رہے گا۔