اسرائیلی جارحیت، پورا عالم اسلام سراپا احتجاج،پاکستان ،آزاد کشمیر سمیت دنیا بھر میں مظاہرے نہتے عوام پر وحشیانہ مظالم کی شدید مذمت فلسطینی عوام کے ساتھ بھرپور اظہار یک جہتی
 

اسرائیلی جارحیت، پورا عالم اسلام سراپا احتجاج،پاکستان ،آزاد کشمیر سمیت دنیا بھر میں مظاہرے نہتے عوام پر وحشیانہ مظالم کی شدید مذمت فلسطینی عوام کے ساتھ بھرپور اظہار یک جہتی
اسرائیلی جارحیت، پورا عالم اسلام سراپا احتجاج،پاکستان ،آزاد کشمیر سمیت دنیا بھر میں مظاہرے نہتے عوام پر وحشیانہ مظالم کی شدید مذمت فلسطینی عوام کے ساتھ بھرپور اظہار یک جہتی


اسلام آباد ، کراچی  آزاد کشمیر اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں جمعہ کو فلسطینی عوام کے ساتھ بھرپور یک جہتی کا اظہار کیا گیا۔ یورپ، امریکا سمیت پوری اسلامی دنیا میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں، مظاہرین نے غزہ کے نہتے عوام پر اسرائیل کے وحشیانہ مظالم کی شدید مذمت کی اور عالمی برادری ، اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ مظلوم فلسطینی عوام کی مدد کیلئے آگے بڑھیں اور اسرائیل کی وحشیانی جارحیت فوری بند کرانے کیلئے اس پر دبائو ڈالیں ،مساجد اور خانہ کعبہ میں فلسطینیوں کی کامیابی کیلئے دعا ئیں کی گئیں ۔ پشاور نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ عرب سر زمین پر اسرائیل ناسور بن چکا ہے ، جس کے خاتمے کے لئے فلسطینیوں نے نسلیں قربان کی ہیں،اسرائیل نے ایک دن میں جو بمباری کی ہے شاید امریکہ نے ایک سال میں بھی افغانستان پر نہیں کی ہے، انہوں نے کہا کہ اسر ا ئیل کے خاتمے کے لئے فلسطینیوں نے نسلیں قربان کی ہیں، ، شہری عمارتوں سمیت ننھی معصوم جانوں کو مسل رہا ہے، مگر عالمی ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔لاہور میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں ریلیاں اور لبیک یااقصیٰ مارچ، فلسطینیوں کی حمایت کا راستہ صرف جہاد ہے۔ امریکی بحری بیڑہ غزہ جا سکتا ہے تو سن لو، ہم بھی وہاں جا سکتے ہیں۔سراج الحق کا کہنا تھا کہ مسجد اقصیٰ ہمارے ایمان کا جزو ہے، دنیا فلسطین میں اسرائیل کے مظالم دیکھ رہی ہے مگر کچھ کر نہیں رہی۔ مسلم حکمران فلسطینیوں کا ساتھ دیں یا نہ دیں ہم ہر قربانی دینے کو تیار ہیں، ہمیں فلسطینیوں کا ساتھ دینا ہو گا۔ اسرائیل ناجائز ریاست ہے جس نے فلسطین پر قبضہ کر رکھا ہے۔ عالم اسلام اسرائیل کے خلاف جہاد کا اعلان کرے۔ اسلامی ممالک کے حکمران بتائیں وہ اسلام کے محافظ ہیں یا اسرائیل کے، امریکہ غزہ میں قتل عام کیلئے آ سکتا ہے تو ہم بھی اپنی بہنوں اور ماؤں کی حفاظت کیلئے وہاں جا سکتے ہیں۔جماعت اسلامی آزاد جموںوکشمیرگلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتا ق خان کی کال پر پورے آزا دکشمیراور گلگت بلتستان میں بھی فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف مظاہرے کیے گئے ۔ شانگلہ کے ڈسرکٹ ہیڈ کوارٹر الپوری،پورن،بشام، چکیسر، شاہ پور،والندر، مار تونگ اور دیگر علاقوں میں عوام نماز جمعہ کے بعد اسرائیلی ظالم کے خلاف سڑکوں پر نکل آ ئے۔امیر جماعت اسلامی شانگلہ نجم اللہ، جنرل سیکرٹری سید غفار اور دیگر مقررین نے خطا ب کیا ۔جمرود میں تحریک انصاف کے ورکروں نے جمرود پریس کے سامنے فلسطین کے حق میں اور اسرائیل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیاجمعیت علمائے اسلام (س) کے امیر دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین اور جامعہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کے نائب مہتمم مولانا حامد الحق حقانی نے یوم یگجہتی فلسطین و بیت القدس شریف کی مناسبت سے اکوڑہ خٹک میں ایک عظیم الشان ʼʼیکجہتی فلسطین مارچʼʼسے خطاب کرتے کہاکہ فلسطینی مسلمانوں پر جاری وحشیانہ ظلم و جبر پر اقوام عالم بالخصوص امت مسلمہ کے نام نہاد حکمرانوں کی خاموشی شرمناک اور بزدلانہ فعل ہے۔ گزشتہ پون صدی سے مظلوم فلسطینیوں کی جان و مال اور انسانی حقوق کی بدترین پامالی اقوام عالم کے ماتھے پر بدنما داغ ہے۔ مسئلہ فلسطین پر بین الاقوامی ادارے منصفانہ طرز عمل کو پروان چڑھائیں، اب وقت ہے کہ ناجائز قابضین و جابرین کی پشت پناہی کو چھوڑ کر حقیقی حریت پسندوں کی آواز کو سنیں اگر اب بھی مظلومین کی آواز کو سن کر داد رسی نہ کی گئی تو اس کے بھیانک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔مولانا حامد الحق حقانی نے کہاکہ اب بھی وقت ہے کہ اقوام عالم مسئلہ فلسطین کے پرامن اور قابل قبول حل کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھائیں یہ نہ ہو کہ پانی سروں کے اوپر سے گزر کر کہیں بہت دیر نہ ہوجائے۔