مقبوضہ کشمیر بھارتی صدر کے دورے پر سیکورٹی انتہائی سخت،جموں میں سیاسی جماعتوں کا احتجاجی دھرنا
سرینگر، جموں مقبوضہ کشمیرمیں قابض حکام نے بھارتی صدر کے دورے کے موقع پر سرینگر اور ملحقہ علاقوں میں نام نہاد سیکورٹی اقدامات کو مزید سخت کردیا ، سرینگر و ملحقہ علاقوں کی کڑی نگرانی کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے اور ڈرونز کا استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ پولیس، کمانڈوز اور شارپ شوٹرز تعینات کر دیئے گئے ہیں دوسری طرف علاقائی سیاسی جماعتوں نے کشمیریوں کے بنیادی حقوق پر مودی حکومت کے حملے کیخلاف ا ورانہیں درپیش مشکلات کو اجاگر کرنے کیلئے جموں میں مشترکہ دھرنا دیا ۔تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیرمیں قابض حکام نے بھارتی صدر دروپدی مرمو کے دورے کے موقع پر سرینگر اور ملحقہ علاقوں میں سکیورٹی اقدامات کو مزید سخت کردیاہے۔ بھارتی صدر آج سرینگر میں کشمیر یونیورسٹی کے کانووکیشن میں شرکت کریں گی ۔بھارتی پولیس اور سینٹرل آرمڈ پولیس فورسز کے کمانڈوز اور شارپ شوٹرز نے یونیورسٹی کا محاصرہ کر رکھا ہے جبکہ ملحقہ لاقوں میں بھی دستوں کو تعینات کیاگیا ہے۔علاقے کی کڑی نگرانی کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے اور ڈرونز سمیت جدید ترین ٹیکنالوجی اور سیکورٹی آلات کا استعمال کیا جا رہا ہے، فوجی مشقیں بھی جاری ہیں۔ گاڑیوں اور راہگیر وں کو روک کر تلاشی لی جا رہی ہے ۔ ادھر مقبوضہ کشمیرمیں علاقائی سیاسی جماعتوں نے کشمیریوں کے بنیادی حقوق پر مودی حکومت کے حملے کیخلاف ورانہیں درپیش مشکلات کو اجاگر کرنے کیلئے جموں میں مشترکہ دھرنا دیا ۔ نیشنل کانفرنس، کانگریس، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی ، سی پی آئی ایم، عام آدمی پارٹی ، راشٹریہ جنتا دل ، شیو سینا اوراکالی دل سمیت ایک درجن سے زائد جماعتوں نے مہاراجہ ہری سنگھ پارک میں دوسرے دن بھی دھر نادیا۔ دھرنے میں وقار رسول وانی، رمن بھلا، رویندر شرما، یوسف تاریگامی، مظفر شاہ، اجے کمار ، رتن لال گپتا ، عبدالحمید چو ہدری اوردیگر نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کو بنیادی حقوق فراہم، ڈیلی ویجرز ملازمین کی مستقلی اور شہریوں کی زمینوں اور روزگار کو تحفظ فراہم کیا جائے ۔
0 Comments