بائیڈن کی اسرائیل کو کلین چٹ،اسپتال حملے سے بری الزمہ قرار دیدیا سلامتی کونسل میں انسانی امداد اور جنگ بندی قرار داد بھی ویٹو کردی
بائیڈن کی اسرائیل کو کلین چٹ،اسپتال حملے سے بری الزمہ قرار دیدیا سلامتی کونسل میں انسانی امداد اور جنگ بندی قرار داد بھی ویٹو کردی |
غزہ، جنیوا،واشنگٹن(اے ایف پی، نیوز ڈیسک)امریکی صدر جوبائیڈن نے غزہ پر وحشیانہ حملوں کے معاملے پر اسرائیل کو کلین چٹ دیدی ،انہوں نے اسرائیل کو غزہ کے اسپتال پر حملے سے بری الذمہ قرار دیتے ہوئے اس کا الزام فلسطینی تنظیموں پر عائد کردیا ، دورہ اسرائیل کے موقع پر صہیونی وزیراعظم نتن یاہو سے ملاقات میں بائیڈن نے کہا کہ اسپتال پر حملے کا ذمہ دار دوسرا فریق ہے ، انہوں نے اسرائیل کوہر طرح کی امداد دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا ، امریکی صدر کی اسرائیل میں موجودگی کے دوران بھی اسرائیلی طیاروں کی غزہ کی آبادی پر فضائی حملے جاری رہے ، خان یونس سمیت کئی علاقوں میں متعدد عمارتیں تباہ ہوگئیں ،اس دوران متعدد افراد شہید اور سیکڑوں زخمی ہوئے ہیں، غزہ کے سب سے بڑے القدس اسپتال کے اطراف بھی اسرائیلی طیاروں نے شدید بمباری کی، بموں کے ٹکڑے اسپتال میں موجود لوگوں کو بھی لگے ہیں جس سے اسپتال میں موجود مریضوں اور پناہ گزینوں میں خوف وہراس پھیل گیا،اسپتال میں 8ہزار فلسطینی موجود ہیں ، اسرائیلی طیاروں نے خان یونس میں ایک اسکول پر بھی بم گرادیئے جہاں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام کیمپ میں سیکڑوں فلسطینی پناہ گزین موجود ہیں ،کیمپ میں موجود 6افراد شہید ہوگئے جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعا ت ہیں، صدر بائیڈن نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل نے رفاہ کی سرحد سے غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی کی اجازت دیدی ہے ،اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ غزہ جانے والی انسانی امداد کو نشانہ نہیں بنائیں گے ،تاہم اس کے باوجود مصر کی طرف سے راہداری کے گیٹس بدستور بند رہے ، اسرائیلی وزیر اعظم نتن یاہو نے کہا ہے کہ امریکا نے جنگ جاری رکھنے کی حمایت کردی ہے ۔ اسرائیلی فورسز اور لبنانی ملیشیا حزب اللہ میں بدھ کے روز بھی فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہوا ہے ۔ حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اس کے مزید دو جنگجو اسرائیلی بمباری میں شہید ہوگئے ہیں ۔ اسرائیلی فورسز نے حزب اللہ کے ارکان پر ڈرون حملے کا بتایا تھا ۔ حزب اللہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے شمالی اسرائیل کے علاقے حنیتا میں اسرائیلی ٹینکوں کو نشانہ بنایا ہے ، اسرائیلی ٹینکوں اور فوجیوں کی بڑی تعداد کے جنوبی علاقوں میں جمع ہونےکاسلسلہ بدھ کے روز بھی جاری رہا۔ مشرق وسطیٰ کے کئی ممالک میں میں امریکا، اسرائیل اور فرانس کیخلاف مظاہرے جاری رہے،کیپٹل ہل میں یہودی گروپوں کا دھرنا،یہودی گروپوں کا جنگ بندی کا مطالبہ ، برطانیہ میں ٹین ڈاوننگ اسٹریٹ پر بھی احتجاجی ریلی ۔ امریکا نے غزہ میں جنگ بندی اور انسانی امداد کی رسائی کیلئے سلامتی کونسل میں برازیل کی پیش کردہ قرارداد کو ویٹو کردیا ہے۔ امریکی سفیرلندا تھامس گرین فیلڈ نے کہا کہ اس قرارداد کے متن میں اسرائیل کے اپنے دفاع کے حق کا ذکر نہیں کیا گیا ،سلامتی کونسل کے 15 میں سے 12 ارکان نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا ، روس اور برطانیہ نے حصہ نہیں لیا،قرارداد کے خلاف امریکا کا واحد ووٹ تھاجو ویٹو شمار ہوتا ہے،روس نے اس قرارداد کے متن میں غزہ کے الاہلی اسپتال پر ہونے والے بم حملے کو بھی شامل کرنے کا مطالبہ کیا تھا ۔
0 Comments